کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ دھرنے والوں سے بات ہوگئی ہے، کوشش ہے آج رات تک دھرنے ختم کرا دیں، اب تک ہم نرمی سے بات کر رہے تھے، اب جو نہیں ہٹے گا، اسے قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب بات نہیں، شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب کے بعد دھرنوں پر سختی کریں گے، اب تک نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، شہرکی سڑکیں کلیئر کرانے کے لیے افسران کو ہدایات دے دی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے 4 دن بہت بھگت لیا ہے، اب ہم سختی کریں گے، دھرنے والوں کی مہربانی ہے کہ انہوں نے بڑی شاہراہیں کھول دی ہیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے جرائم پیشہ افراد سے روزانہ کی بنیاد پرمقابلے ہوتے ہیں، شاہین فورس، مددگار 15 پولیس اور علاقہ پولیس کے تمام مقابلے اصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں کے اکا دکا واقعات بھی سامنے آجاتے ہیں، تو ہم ایکشن لیتے ہیں، ہم مبینہ مقابلوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، 104 شہری شہید کیے گئے، تو 190 ڈاکو بھی مقابلوں میں مارے گئے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کراچی میں کسی صورت ہوائی فائرنگ کی اجازت نہیں دینگے، شہری سال نو کی خوشی ضرور منائیں لیکن دوسروں کو پریشانی میں نہ ڈالیں، نیو ائیر پر ہوائی فائرنگ کا نہیں اقدام قتل کا پرچہ دیں گے۔
کراچی پولیس کے چیف نے کہا کہ حساس تھانوں میں اچھی شہرت کے حامل تھانیدار تعینات کر رہے ہیں، دسمبر کا مہینہ شہر قائد میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بہتر رہا، رواں ماہ سب سے کم گاڑیاں چھیننے یا چوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع ملیر اور غربی میں ٹریفک حادثات درد سر بنے ہوئے ہیں، بہت سے ٹرک اور ڈمپر بند کیے ہیں، مقدمات درج کر رہے ہیں، ٹرانسپورٹروں پر واضح کر دیا شہر میں اسپیڈ کم کریں، ورنہ کارروائی ہوگی۔