اسلام آباد: مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے سربراہ علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے اقدام سے مایوسی ہوئی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ اقتدار میں رہنے کی سب کو ہوس ہے، وزیر اعلیٰ کے پی کو احساس نہیں کہ ان کے اقدامات سے آزادی کی جدوجہد کو کتنا نقصان پہنچ رہا ہے۔
ان کے ہمراہ موجود سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس حکومت کے پاس جائز مینڈیٹ ہی نہیں ہے اس سے کس بات کے مذاکرات ہو رہے ہیں؟
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ حکمرانوں کو پاکستان کے حالات کا اندازہ نہیں، افواج اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کی گول میزکانفرنس بلائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کو ساتھ ملا کر پڑوسیوں سے اچھے تعلقات قائم کیے جائیں، پڑوسی ممالک بشمول روس اور بھارت کو ملاکر بھی ایک گول میز کانفرنس بلائی جائے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ سب کو پتا ہے، غیر آئینی، غیر جمہوری حکمرانوں کو اس کی کوئی خبر اور فکر نہیں، اس ملک میں روزنامہ 20 سے 30 لوگ گولی سے قتل ہوتے ہیں، اس ملک میں قلم پر پابندی ہے اس ملک میں اسمبلی میں بولنے پر پابندی ہے ان حالات میں ہمسائے افغانستان پر بمباری تک بات پہنچ گئی ہے۔