لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنر سمیت 5 افراد زخمی

امن کوششوں کو دھچکا، لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں لوئر کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے، جاوید اللہ محسود کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ امن معاہدہ سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، شرپسند عناصر نے فائرنگ کر کے امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی حرکت کی، دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

گورنر خیبر پخونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرم میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ڈپٹی کمشنر کا زخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امدادی قافلے پر فائرنگ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے، ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔