اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لیسکو میں کرپشن پر نکالے گئے افسران کی بحالی کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی، سابق سیکریٹری پاور شاہد خان کمیٹی کی سربراہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لیسکو میں کرپشن پر نکالے گئے 12 افسران کی بحالی کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے کرپشن پر نکالے گئے افسران کی بحالی پر تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
کمیٹی کی سربراہی سابق سیکرٹری پاور شاہد خان کررہے ہیں جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری انرجی، لیسکو بورڈ ممبران اور آئی بی کا نمائندہ شامل ہے، یہ کمیٹی 10 روز میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔
لیسکو مینجمنٹ پر پیسے لے کر 12 افسران کی بحالی اور بین الاقوامی کمپنی سے سامان کی خریداری کا الزام ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لیسکو مینجمنٹ پر ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیرقانونی کنکشن دینے کا الزام ہے، لیسکو معاملات میں قوانین کو نظر انداز کرنے کا الزام بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد امین کی تعیناتی خلاف قانون کی گئی، کمیٹی نے موجودہ لیسکو چیف، چیئرمین بورڈ اور دیگر افسران کو کل اسلام آباد بلا لیا۔
انرجی ڈویژن کے ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی 10 جنوری تک حتمی رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دے گی۔