لاہور(اُمت نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب بڑا بھائی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور نے ملاقات کی ہے جس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے ہمیشہ برادرانہ تعاون کو سراہا ہے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون، پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلۂ خیال ہوا، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے صوبے میں سعودی سرمایہ کاروں کو انفرااسٹرکچر، صحت، تعلیم، مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی گئی، اس حوالے سے مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو اسپیشل پیکیج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔
اس موقع پر سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں اور سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔