لکی مروت (اُمت نیوز) لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے خیرو خیل پکہ میں تھانہ غزنی خیل کی حدود جابوخیل کے قریب دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار حکمت اللہ اور خان بہادر شہید ہوگئے، دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر مامور تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے قریب پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی، فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنیوالے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کیساتھ کھڑے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔