اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی نظرثانی درخواست پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو نوٹس جاری کردیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کرٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے حمزہ شہباز کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ کیا یہ کیس غیر مؤثر تو نہیں ہوگیا؟ جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ کیس غیر مؤثر نہیں ہوا، آئینی بینچ نے گزشتہ سماعت پرفریقین کو نوٹسز بھی کیے تھے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے پوچھا کہ پرویز الہٰی کی طرف سے کون پیش ہوگا؟ وہ بھی کیس میں فریق ہیں۔
بعدازاں عدالت نے سابق ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو نوٹس جاری کردیا، عدالت نے پرویز الہٰی کو نوٹس حمزہ شہباز نظر ثانی کیس میں جاری کیا۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ (ق) کے ووٹ نہ گننے کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تھا اور حمزہ شہباز کی جگہ پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد حمزہ شہباز نے فیصلہ نظر ثانی میں چیلنج کیا تھا۔