معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اہداف درست سمت میں جارہے ہیں، فائل فوٹو
معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اہداف درست سمت میں جارہے ہیں، فائل فوٹو

وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم ، وزیر خزانہ کا دعویٰ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ڈیڑھ لاکھ آسامیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں اور اداروں میں ایسی خالی اسامیاں جن پر ابھی بھرتیاں نہیں ہوئی تھیں، ان میں سے 60 فیصد کو ختم کر دیا گیا ہے، اب ان اسامیوں پر بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے حکومتی اخراجات کو کم کریں اور معیشت کو پائیدار ترقی کی جانب لیکر جائیں، ٹیکس نظام میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات دسمبر سے جاری ہیں، معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کو کردار نبھانا ہوگا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی وزارتوں کے 80 ذیلی اداروں کی تعداد کم کرکے 40 کردی گئی، یعنی ان نصف ادارے ختم کر دیے، ان میں سے کچھ اداروں کو ضم کیا گیا ہے، 2 وزارتوں کو بھی ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، کامرس ڈویژن، ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے 60 ذیلی اداروں میں سے 25 کو ختم، 20 میں کمی اور 9 کو ضم کیا جائے گا، خدمات سے متعلق اسامیوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں، حکومت رائٹ سائزنگ کرکے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانا چاہ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اہداف درست سمت میں جارہے ہیں، ہم حکومتی اخراجات کم کرنے جارہے ہیں، یہ وفاقی حکومت کی رائٹ سائزنگ کی جانب اہم قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔