کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا کراچی میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء سعید غنی، علی حسن زرداری اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری جی اے محمد نواز سوہو شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے اور ان کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو نامزد کرکے ایف آئی آرز کٹوائی جائیں گی۔
کمیٹی اجلاس میں متروکہ سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ممبران نے اپنی سفارشات پیش کیں وار اخراجات میں کمی یقینی بنانے کی تجاویز بھی دیں۔
سرکاری گاڑیوں کے استعمال، پیٹرولیم، آئل اور لبریکنٹس کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بے کار گاڑیوں کی نیلامی پر تبادلہ خیال کیا گیا.
کمیٹی ممبران نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ریگولیٹ کرنے کے لیے واضح رہنما خطوط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ نیلامی کا عمل شفاف بنانے اور حاصل ہونے والے فنڈز ترجیحی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کی تجاویز بھی دی گئی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے روک تھام اور پی او ایل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کم کرنے کی ضرورت ہے، بے کار گاڑیوں کی نیلامی مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔