حج درخواستیں جمع کرانے سے رہ جانے والے عازمین کیلئے خوشخبری

حکومت کی جانب سے حج درخواستیں جمع کرانے سے رہ جانے والے عازمین کیلئے خوشخبری سناسی دی گئی ۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت 5 ہزار مزید عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے،وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع کر دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔ اب اسکیم کے تحت باقی رہ جانے والے پانچ ہزار کے کوٹے پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

وزارت مذہبی امور نے نئی حج درخواستوں پر قرعہ اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنفرم حج ٹکٹ دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کے لیے پانچ روز مقرر کئے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ خواتین اپنے شوہر یا والدین کی اجازت کے بغیر حج کرنے کیلئے نہیں جا سکتیں۔

وزارت کے مطابق رواں برس سعودی حکومت نے پاکستان کو مجموعی طورپر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کا کوٹہ دیا ہے، اس میں تقریباً 89 ہزار 602 لوگ سرکاری سکیم کے تحت حجاز مقدس کا سفر کریں گے جبکہ باقی لوگ نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی سعادت کیلئے روانہ ہوں گے،2025 کی حج پالیسی دستاویز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کے تحت خواتین اکیلے حج کیلئے سعودی عرب کا سفر کر سکتی ہیں۔

دستاویز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے 6 اور 7 جون 2023 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق خاتون (بغیر محرم) کو ان شرائط کے ساتھ حج کی اجازت دی جائے گی کہ اسے اس کے والدین نے اجازت دی ہو اور شادی شدہ ہونے کی صورت میں اس کے شوہر نے اجازت دی ہو۔ اس کے علاوہ کونسل کی جانب سے بتائی گئی شرط کے مطابق خاتون قابل بھروسہ خواتین حجاج کے گروپ کے ساتھ سفر کر سکتی ہے جبکہ اس کی عزت کو کوئی خطرہ نہیں نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔