دھابیجی:دھابیجی کے قریب قومی شاہراہ پر دو کاروں میں خوفناک تصادم کے دوران ایک کار میں آتشزدگی سے کار سوار خاتون اور اس کے بیٹے سمیت 4افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھابیجی اولڈ سٹی کے قریب قومی شاہراہ پر 2 تیز رفتار کاروں میں ٹکر کے نتیجے میں ایک کار میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں کار میں سوار مسماة یاسمین، ان کا بیٹا شاہ زیب، اظہارالحسن اور رحمت اللہ نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ سروچ بھٹی اور موسیٰ ہنگورو سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے.
جاں بحق اور زخمیوں کو ایدھی فاﺅنڈیشن کے رضاکاروں کی مدد سے رورل ہیلتھ سینٹر گھارو لایا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے ٹھکیدار کاکا شبیر میمن کی ہمشیرہ مسماة یاسمین اور ان کا بیٹا شاہ زیب بھی شامل ہیں، شاہ زیب کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی جو اپنی والدہ کے ساتھ کراچی سے واپس ٹھٹھہ جارہا تھا جبکہ اظہار اور رحمت اللہ کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔