شوگر ملز کیس،حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

 

اینٹی کرپشن لاہور کی عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کے مقدمے پر مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جگہ ان کے نمائندے انوار حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں حمزہ شہباز شریف کے وکلاء نے اپنے مؤقف میں کہا کہ حمزہ شہباز بیٹی کا چیک اپ کرانے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں، عدالت نے حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 16 دسمبر کو سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے تھے۔

اینٹی کرپشن کورٹ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل کے مقدمے پر سماعت 23 دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔

مقدمے پر اینٹی کرپشن کورٹ کے جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوئی سماعت نہیں ہو سکی تھی۔

بعد ازاں رمضان شوگر مل کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے 24 دسمبر کو بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کیس میں سزا کا کوئی امکان نہیں ہے، بری کیا جائے۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے درخواست پر پراسکیوشن سے جواب طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔