پشاور: سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر کیے گئے ایک آپریشن میں افغان جاسوس کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب 11 جنوری 2025ء کو سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں افغان جاسوس افغانستان فرار ہوتے ہوئے مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت محمد خان احمد خیل ولد حاجی محمد قاسم داوراں خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 48 سالہ دہشتگرد محمد خان عرف عبداللہ افغان صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا، جس سے افغان شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد محمد خان عرف عبداللہ افغان خفیہ ایجنسی کیلئے پاکستان میں کام کر رہا تھا، دہشتگرد محمد خان پاکستان کے قلعہ سیف اللہ، ژوب اور لورالائی میں دہشت گردوں کو اسلحہ سمگل کرتا تھا، سمگل شدہ اسلحہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں استعمال ہوتا تھا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کافی عرصے سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، ٹھوس شواہد کے بعد افغان حکومت کے کھوکھلے دعوے ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔