اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور کا آغاز اب بدھ کے بجائے جمعرات سے ہورہا ہے، اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 16 جنوری کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی تاریخ اور وقت تبدیل ہوگیا، مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس اب بدھ کی بجائے جمعرات کو طلب کرلیا گیا۔
مذاکراتی کمیٹی کے بعض اراکین کی طرف سے بدھ کو عدم دستیابی سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد اجلاس اب بدھ کی بجائے جمعرات کو ساڑھے 11 بجے کانسٹیٹیوشن روم پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔
یہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہوگا، پی ٹی آئی اجلاس میں تحریری مطالبات حکومتی نمائندوں کے سامنے پیش کرے گی جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں اجلاس ان کیمرہ ہوگا۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 15 جنوری بروز بدھ کو دن ڈیڑھ بجے طلب کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق آج رات 10 بجے وطن واپس پہنچیں گے، ایاز صادق ذاتی دورے پر بیرون ملک گئے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی واپسی کے بعد حکومت اپوزیشن مذاکرات کے تیسرے دور کا شیڈول فائنل ہوگا۔
پی ٹی آئی کی اسپیکر سے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی درخواست
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی درخواست کر دی ہے۔**
اسپیکر آفس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکراتی کمیٹیوں کا تیسرا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی درخواست پر سردار ایاز صادق نے جلد ہی حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔