قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اوپنر صائم ایوب کے چیمپئنز ٹرافی نہ کھیلنے کی تصدیق کردی۔
نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ صائم ایوب سے انکی گزشتہ روز فون پر بات ہوئی تھی تاکہ خیریت دریافت کی جاسکے، جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں مزید 3 ہفتے لگ سکتے ہیں، جس کے بعد انکا ری ہیب شروع ہوگا۔
سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے بطور بڑے بھائی اور کرکٹر اُسے مشورہ دیا ہے کہ تمہیں اگر ذرا بھی درد ہو تو جلد بازی نہ کرنا، مکمل آرام کرکے ٹیم میں واپس آؤ تاکہ انجری بعد میں مزید گمبھیر صورتحال اختیار نہ کرجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صائم ایوب کی جس فارم میں کھیل رہے تھے انکی انجری سے پاکستان کو ضرور نقصان ہوگا لیکن پھر وہی بات ہمارے پاس انکا بیک اَپ تیار نہیں ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ہمارے پاس میچ ووننگ پلئیرز کم ہیں اسی لیے بیک اَپ رکھنے کا ذکر کرتا ہوں لیکن امید کرسکتے ہیں قومی ٹیم ایونٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔