مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ امید ہے کہ آج القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلہ مزید مؤخر نہیں ہوگا، پہلے ہی تین بار فیصلہ مؤخر ہونے سے شکوک و شبہات نے جنم لے لیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے، القادر ٹرسٹ کیس حکومت کا جعلی مقدمہ ہے، القادر کیس میں پیسہ بیرون ملک سے آیا، ریاست کے فلاحی منصوبے پر خرچ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سیرت النبیﷺ سے روشناس کرانے پر حکومت بانی پی ٹی آئی کو سزا دینے کی کوشش کر رہی ہے، نوجوانوں کو سیرت النبیﷺ سے روشناس کرانا جرم ہے تو یہ جرم عمران خان کرتا رہے گا۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی یا بشریٰ بی بی کے اکاؤنٹ میں کوئی رقم منتقل نہیں ہوئی، عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کی حقیقت عدالتوں میں بے نقاب ہو رہی ہے، حکومت نے ملک میں لاقانونیت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔