راولپنڈی: (اُمت نیوز) 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 14 اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال کی سزا سنا دی گئی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا 190 ملین پاؤنڈز کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے، ملزمان کی حاضری پوری ہونے پر فاضل جج نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
اہم کیس کی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت لایا گیا جبکہ انکی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پہنچیں، ان سے قبل نیب پراسیکیوشن ٹیم کے 3 ارکان عرفان احمد، سہیل عارف اور اویس ارشد بھی اڈیالہ جیل پہنچنے جبکہ وکیل صفائی سلمان اکرم راجا اور بشریٰ بی بی کی بیٹی اور داماد بھی عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی بلایا گیا تھا، اس موقع پر جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، ایلیٹ کمانڈوز بھی جیل کے باہر سکیورٹی کا حصہ تھے، پولیس کی جانب سے اہم کیس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کی دیوار اور سامنے کھڑی تمام گاڑیوں کو بھی ہٹوا دیا گیا تھا۔
190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ سنائے جانے سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور رہنما شعیب شاہین بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ آج ملتوی نہیں ہو گا، ہم تیار ہو کر آئے ہیں، جو بھی فیصلہ آئے سننے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 سال سے جس طرح کی ہمارے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں اس کا آپ اندازہ کر سکتے ہیں، انصاف پر مبنی فیصلہ ہوا تو بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل سے بری ہو کر رہا ہوں گے۔