رحیم یار خان: پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک کرکے کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد کرلیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت بشیر عرف بشو شر کے نام سے ہوئی، ہلاک ڈاکو ظاہر پیر میں 4 شہریوں کے قتل ، سانحہ ماچھکہ میں 12 جب کہ 2023ء میں 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا، ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان، قتل، ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ڈاکو نے گذشتہ دنوں پولیس پرحملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی، رحیم یار خان پولیس نے شر، اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر بچاؤ بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
پنجاب پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر کیفر کردار تک پہنچا، دیگر ساتھی فرار ہوگئے، ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔