ملتان: پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دیکر 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل بغیر کسی رنز کا اضافہ کیے وکٹ گنوابیٹھے جبکہ کامران غلام 27 رنزبنانے میں کامیاب ہوئے، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 2، نعمان علی 9، آغا سلمان 14، ساجد خان 5 اور خرم شہزاد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 251 رنز کا ہدف دیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں جومل واریکن نے 7 اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
251 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کا آغاز ایک مرتبہ پھر مایوس کُن رہا، کپتان کریگ براتھویٹ 12، میکائل لوئس 13، کیسی کارٹی 6، کیویم ہوج صفر اور جسٹن گریوز 9، ٹیون املاچ 14، کیون سنکلیئر 10، گڈاکیش موتی اور جومل واریکن صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایلک ایتھنیز 55 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو جتوانے میں ناکام رہے۔مہمان ٹیم صرف 123رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ساجد خان نے 5 اور ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ساجد خان کو9وکٹیں حاصل کرنے پر میں آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دوسرا روز
دوسرے روز کھیل کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز سے کیا، پانچویں وکٹ کی شراکت میں محمد رضوان اور سعود شکیل نے 141 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم سعود 84 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ محمد رضوان 71 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں سلمان آغا 2 اور نعمان علی صفر، ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں محض 230 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن اور جیڈن سیلز نے 3، 3 جبکہ کیون سنکلیئر نے 2 اور گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
مہمان ٹیم نے گرین شرٹس کیخلاف بیٹنگ کا آغاز کیا تو اسپنر ساجد خان نے تباہ کُن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی، بعدازاں نعمان علی نے 5 اور ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ براتھویٹ نے سب سے زیادہ 11، میکائل لوئس ایک، کیسی کارٹی صفر، کیویم ہوج اور جسٹن گریوز 4، 4 ٹیون املاچ 6 رنز بناسکے تھے جبکہ لوئر مڈل آرڈر میں گڈاکیش موتی 19، جومل واریکن 31 اور جیڈن سیلز رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پاکستان کیخلاف محض 137 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، انہیں پاکستان کیخلاف 93 رنز کا خسارہ ہے۔
قومی ٹیم نے دوسری اننگز کا پراعتماد آغاز کیا تاہم کپتان شان مسعود 52 اور محمد ہریرہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر کامران غلام 9 اور سعود شکیل 2 رنز کے ساتھ بیٹنگ کررہے تھے۔
پہلا روز
سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنالیے، پاکستان صبح ساڑھے 9 بجے اننگز دوبارہ شروع کرے گا۔ میچ کی پہلی اننگز میں ڈیبیو کرنیوالے محمد ہریرہ 6، کپتان شان مسعود 11 اورکامران غلام 5، بابراعظم 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
ویسٹ انڈیزکی جانب سے جیڈن سیلز نے 3 جبکہ گڈاکیش موتی نے ایک وکٹ حاصل کی۔