اسلام آباد: القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو سزاسنائے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہونے والے کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، اس دوران سزا کے خلاف مظاہرہ نہ کرنے پرکور کمیٹی اجلاس میں تشویش کا اظہار کیا گیا۔۔ ذرائع کے مطابق شرکاء نے مذاکرات پر کور کمیٹی کو اعتماد میں لینے پر زور دیا ہے اور ممبران نے کور کمیٹی اجلاس ہفتے میں ایک بار ضرور بلانے کی تجویز دی ہے۔
کور کمیٹی اجلاس میں سلمان اکرم راجہ اور بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق نے القادر ٹرسٹ کیس پر بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق عالیہ حمزہ نے کہا کہ بانی کو 14 سال کی سزا ہوگئی ہم نے کوئی احتجاج کیوں نہیں کیا؟ بریفنگ کی بجائے بتایا جائے کہ ہائیکورٹ میں فیصلہ چیلنج کب ہوگا؟عالیہ حمزہ نے کہا کہ ہمیں صرف بانی پی ٹی آئی کی رہائی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق کنول شوذب نے کہا کہ جیل حکام پارٹی چھوڑنے والوں کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جگہ دے دیتے ہیں اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کو کئی کئی گھنٹے انتظار کروایا جاتا ہے۔سندھ سے پی ٹی آئی رہنما عالمگیر خان اور خرم شیر زمان نے کراچی اور سندھ کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھانے کی استدعا کی۔
ذرائع نے بتایا کہ کور کمیٹی کے ممبر لال ملہی نے لیگل ٹیم سے لیگل اسٹریٹیجی پر اپڈیٹ مانگ لی۔ علی محمد خان نے فیصلے کو پارٹی سے چھپانے والے کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کیا تو شعیب شاہین نے جج کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ چھپانے والے کا نام بتا دیا۔
شعیب شاہین نے کہا کہ فیصل چوہدری نے یہ فیصلہ پارٹی اور بانی پی ٹی آئی سے چھپایا۔