اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سابق سینیٹر اور بلاول بھٹو زرداری کے سابق ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ بننے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب سمیت تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر نے تحریک تحفظ آئین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہت لمبی نشست رہی، ملک کے حالات اور وطن عزیز کو جن بحرانوں کا سامنا ہے، ان تمام معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاہے دہشت گردی ہو یا معیشت اور ملکی سالمیت ہو مل کر ساتھ چلنا ہو گا، جس قدر ملک میں بحران ہے اس کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں، پچھلے سال ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ملک کو سیاسی بحران سے بچانے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے یہ بحران بڑھانے کے لیے اپنا کندھا فراہم کیا، دور حاضر میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
مصطفی نواز کھوکھر نے اس موقع پرتحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ مل کر چلنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ ملک میں قانون اور آئین کی بحالی کا ایجنڈا ہونا چاہیے، اس وسیع تر مفاد میں سول سوسائٹی سمیت سب شامل ہو جائیں گے۔
سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ چند اور سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے میں ہیں، اس کے بعد ایجنڈا بنا کر جدوجہد کا آغاز کریں گے، اس ملک سے تمام بحرانوں کو رخصت کرنے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی طے ہو گا کہ بند کمروں میں اس ملک کے فیصلے ہوں گے یا پھرعوام کے ووٹ سے ہوں گے۔