ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ڈی چوک توڑ پھوڑ کیس میں بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج عامرضیاء نے بشریٰ بی بی کی درخواست عبوری ضمانت پر سماعت کی۔
وکیل انصر کیانی نے کہا کہ بشریٰ بی بی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتار ہیں، استثنیٰ منظور کی جائے۔
پراسیکیوٹر زاہد آصف کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی شامل تفتیش نہیں ہوئیں، ضمانت خارج کی جائے، بشریٰ بی بی کے جمع کرائے گئے مچلکوں کی بھی تصدیق کی جائے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل انصر کیانی نے کہا کہ بشریٰ بی بی ہر کیس کا دفاع کر رہی ہیں، پولیس جیل جا کر شامل تفتیش کر لے۔
پراسیکیوٹر شاہد آصف نے کہا کہ عبوری ضمانت کی درخواست ہے، بشریٰ بی بی کی حاضری لازم ہے۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو جیل میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔