اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن، سپریم جوڈیشل اور لا اینڈ جسٹس کمیشن میں تقرریوں کے لیے کمیٹیاں قائم کردیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی کی جانب سے یہ کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق قانون وانصاف کمیشن کے سیکرٹری کی تعیناتی کے لیے کمیٹی کی سربراہی خود چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کریں گے، کمیٹی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید شامل ہوں گے، کمیٹی صوبائی چیف سیکریٹری کے نامزد امیدواروں کا انٹرویو کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹری کی تقرری کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کی گئی، کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل اور اٹارنی جنرل شامل ہوں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹری کی تقرری کے لیے بھی 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور اٹارنی جنرل شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کونسل اور جوڈیشل کمیشن کے سیکرٹیریز کی تقرری کے لیے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ایڈیشنل سیشن ججوں کے ناموں پر غور ہوگا، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ججوں کے نام صوبائی چیف جسٹس اور چیف سیکریٹری کریں گے۔