لاہور: نارووال کے علاقے محلہ صدیق پورہ میں گونگی اور بہری 14 سالہ لڑکی کے ساتھ 3 اوباشوں کی مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع 15 پر موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر ایف آئی آر درج کی گئی اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ تمام قانونی تقاضے، بشمول میڈیکل اور ڈی این اے ٹیسٹ، جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ ٹھوس شواہد کے ساتھ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو اغواکرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر چئیرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس نارووال کا دورہ کیا اور متاثرہ لڑکی اور اس کے والد سے ملاقات کی۔ حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔