گوادر: نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کا بھی آغاز ہو گیا ، ائیرپورٹ سے قومی ائیر لائنز (پی آی اے) کی پہلی پرواز مسقط کے لیے روانہ ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے آج سے بین الاقوامی فلائٹ آپریشن کا بھی آغاز ہو گیا۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز پی کے 197 صبح 9:41 بجے 39 مسافروں کو لے کر مسقط کے لیے روانہ ہوئی، مسقط سے یہی اے ٹی آر طیارہ پرواز پی کے 198 کے طور پر دوپہر کو گوادر آئے گا۔
ترجمان کے مطابق گوادرایئرپورٹ پر پی آئی اے کے مقامی حکام نے مسافروں کو رخصت کیا، پی آئی اے ابتدائی طور پر مسقط کے لئے ھفتہ وار ایک پرواز آپریٹ کرے گی، پی آئی اے فضائی آپریشن فعال کرنے کے لیے متحرک ہے۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق یہ طیارہ کراچی سے پرواز پی کے 503 کے طور پر مسافروں کو لے کر صبح گوادر پہنچا تھا، اسی طیارے سے دوپہر 2 بجے گوادر کراچی کی پرواز پی کے 504 آپریٹ ہوگی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے فلائٹ آپریشن کا آغاز 20 جنوری کو ہوا تھا۔