کوئٹہ میں غار کے اندر قائم میوزیم سے مذہب اسلام کی مقدس کتاب قرآن کے 100 سے زائد نایاب نسخے چوری ہو گئے ہیں۔
یہ قدیم نسخے کوئٹہ کے مغرب میں واقع پہاڑی سرنگ کے اندر بنائے گئے میوزیم میں رکھے گئے تھے جنہیں 21 اور 22 جنوری کی درمیانی شب چوری کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
قرآن کے بوسیدہ اور ضعیف نسخوں اور اوراق کو بے حرمتی سے بچانے اور محفوظ رکھنے کے معروف مرکز جبل نور القرآن کے انتظامی کمیٹی کے حکام کے مطابق ’قرآن مجید کے جن قدیم نسخوں کو چوری کیا گیا ہے وہ یہاں آنے والے زائرین کی سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنتے تھے۔
میوزیم کے ایک ذمہ دار اجمل یوسفزئی کے مطابق قرآن مجید کے 120 نسخے چوری کیے گئے ہیں جن میں سے کچھ 900 سال تو کچھ 100 برس پرانے ہیں جو ادارے نے گزشتہ 30 برسوں کے دوران جمع کیے تھے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ “ان میں ہاتھ سے لکھے ہوئے قلمی اور خطّاطی کے خوبصورت نمونوں پر مشتمل نسخے اور قرآن کے مختلف زبانوں کے تراجم بھی شامل تھے۔
نہوں نے کہا کہ جبل نورالقرآن کے اندر موجود سرنگوں میں قرآن کے قدیم نسخوں کو شو کیسوں میں رکھا گیا تھا اور سرنگوں کی دیواروں کے ساتھ نصب یہ شو کیس اور اُن پر لگے روشنی کے بلب اس جگہ کے ماحول کو خوبصورت بناتے تھے۔
چوری کے واقعے کے بعد یہاں کی جو ویڈیوز اور تصاویر گردش کررہی ہیں ان میں سرنگوں کے اندر شو کیس ٹوٹے ہوئے ہیں اور ان کے شیشے بکھرے دکھائی دے رہے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق چور مجموعی طور پر 12 شو کیس توڑ کر اُن سے قرآن مجید کے نسخے لے گئے۔
ذرائع کے مطابق چور رات کو اس وقت جبل نورالقرآن میں داخل ہوئے تھے جب بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرا تھا۔