شہر لاہور پر فضائی آلودگی کے سائے برقرارہیں اورباغات کا شہر آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، موسم سرد اور خشک رہے گااوربارش کابھی کوئی امکان نہیں جبکہ کراچی میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے اور آج شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں اے کیو آئی 225 ریکارڈ کیاگیاجس کے باعث لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم سرد اور خشک رہے گا،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔
دوسری طرف کراچی میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے اور آج سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق شہرقائد میں پارہ آج سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، 25 اور 26 جنوری کو شہر میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی،سردی کی حالیہ لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہےگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مشرقی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 30 فیصد ہے۔
اے کیوآئی کے مطابق شہرقائد کا فضائی معیار مضر صحت ہے اوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 16ویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر موجود ہے،اے کیو آئی کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 154 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔