مظفرآباد : آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے قافلے پر شر پسندوں نے حملہ کر دیا گیا، چوہدری لطیف اکبر بال بال بچ گئے، جبکہ فا ئرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق مظفرآباد یونین کونسل چڑکپورہ کے علاقہ ککلیوٹ میں شرپسندوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلے پر پتھرائو کرتے ہوئے فائرنگ کر دی، اس دوران پولیس اور شرپسندوں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اپنے حلقہ انتخاب میں مخالف سیاسی جماعت سے کچھ لوگوں کے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر میں شامل ہونے کی تقریب میں شرکت کیلیے ککلیوٹ جارہے تھے، اس دوران ان کے قافلے پر پتھرائو اور ہوائی فائرنگ کرکے قافلے کا راستہ روک دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چوہدری لطیف کے قافلے پر فائرنگ سے2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔