آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے وارم اپ میچ میں بھارتی ٹیم بنگلہ دیش یا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مدمقابل آ سکتی ہے۔
پیر کو سامنے آنے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے ایک وارم اپ میچ میں حصہ لے گی جس کی تاریخ کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، اس دوران دبئی میں صرف بھارت اور بنگلا دیش کی موجودگی طے ہے، جس سے امکان ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہوں گی تاہم اگر بنگلہ دیش دستیاب نہ ہوا تو بھارت متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا 2025 ایڈیشن 19 فروری سے 9 مارچ تک جاری رہے گا۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ کراچی، لاہور، راولپنڈی، اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔
بھارت اپنی مہم کا آغاز 20 فروری کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد 23 فروری کو روایتی حریف پاکستان کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف گروپ اے کے آخری میچ کے ساتھ بھارت اپنی گروپ اسٹیج کی مہم مکمل کرے گا۔
بھارت کرکٹ ٹیم دبئی کا سفر کرنے سے پہلے انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 6 فروری کو ناگپور میں ہوگا، دوسرا 9 فروری کو کٹک میں اور آخری میچ 12 فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔
بھارت نے 18 جنوری کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ روہت شرما ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ شبمن گل نائب کپتان ہوں گے۔ رشبھ پنت کو وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جسپریت بمراہ کی شرکت ان کی فٹنس پر منحصر ہوگی۔ کلدیپ یادیو، جو گزشتہ سال اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری بار کھیلے تھے، ٹیم میں واپسی کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی آٹھ سال کے وقفے کے بعد دوبارہ منعقد ہو رہی ہے، آخری بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد 2017 میں ہوا تھا، کرکٹ شائقین خاص طور پر 23 فروری کو پاک بھارت میچ کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ پاکستان ٹیم اپنی شاندار کارکردگی سے ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگا۔