غزہ کے مکینوں کا گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 2لاکھ سے زیادہ مکین شمالی غزہ میں لوٹ چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2 لاکھ سے زیادہ بے گھر افراد شمالی غزہ کی جانب دو گھنٹے پیدل چل کر گھروں پر پہنچے۔مقامی وقت کے مطابق صبح نو نجے چیک پوائنٹس کو گاڑیوں کے لیے کھولا گیا۔ اس کے دو گھنٹے بعد پیدل چلنے والوں کے لیے کراسنگ کو کھولا گیا۔
حکومتی اندازوں کے مطابق غزہ شہر اور شمالی حصے میں ایک لاکھ پینتیس ہزار ٹینٹ ان لوگوں کے لیے ضرورت ہیں جو اپنے علاقوں میں لوٹ رہے ہیں لیکن ان کے گھر تباہ ہو چکے ہیں۔
فلسطینیوں کے گھروں پر واپسی کے دوران بچوں نے القسام بریگیڈ کے کمانڈروں سے اپنی محبت کا اظہار کیا جبکہ ایک مزاحمت کار کی بزرگ خاتون کو پانی پلانے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
نتزارم راہداری سے ہزاروں بےگھر فلسطینیوں کی جنگ بندی کے بعد اپنے تباہ شدہ گھروں کو واپسی جاری ہے، اس دوران لوگ بہت خوش دکھائی دیے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی نظر آئیں جبکہ القسام بریگیڈ کے مزاحمت کاروں کے حق میں لوگ نعرے لگاتے بھی نظر آئے۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں القسام بریگیڈ کا ایک مزاحمت کار بزرگ خاتون کو پانی پلارہا ہے، جبکہ اسی ویڈیو میں فلسطینی بچے القسام بریگیڈ کے مزاحمت کاروں کے ساتھ تصاویر بناتے بھی نظر آئے اور لوگوں نے ان کے حق میں نعرے بھی لگائے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل فوج نے نتساریم کے علاقے سے انخلا شروع کر دیا ہے، یہ علاقہ غزہ کو 2 حصوں میں تقسیم کرتا ہے، جس کے بعد آج صبح ہزاروں فلسطینی اپنے تباہ شدہ علاقوں میں واپسی کےلیے اس علاقے میں جمع ہوگئے تھے۔
اسرائیل نے یرغمالی اربیل یہود کی رہائی کا معاملہ طے پانے پر راستہ کھولا، اسرائیل کو جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست موصول ہوگئی، جس میں 18 زندہ اور 8 مردہ یرغمالی شامل ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کے بدلے 3 یرغمالی جمعرات جبکہ تین ہفتے کو رہا کیے جائیں گے۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی ڈرون نے طولکرم میں گاڑی پر حملہ کیا، جس میں 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔ لبنان اور اسرائیل جنگ بندی معاہدے میں 18 فروری تک توسیع کردی گئی۔جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں سے گزشتہ روز 24 افراد شہید، 134 زخمی ہوئے۔