حیدر علی کے 4 گیندوں پر 4 چھکوں نے ویسٹ انڈین کھلاڑی کی یاد تازہ کردی

بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے ایک میچ کے دوران پاکستانی بلے باز حیدر علی نے 4 گیندوں پر لگاتار 4 چھکے مار کر ہاری ہوئی بازی جیت میں بدل دی اور اس کارنامے نے ویسٹ انڈیز کے بلے باز کارلوس بریتھ ویٹ کی یاد تازہ کردی۔

یاد رہے کہ بھارت میں کھیلے گئے 2016 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے 156 رنز کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز ک ٹیم مشکلات کا شکار تھی اور جیت کے لیے آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے تاہم کارلوس بریتھ ویٹ نے انگلش بولر بین اسٹوکس کو مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے رسید کرکے ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

گزشتہ روز بنگلادیش پریمیئر لیگ میں چٹاگانگ کنگز کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی بلے باز حیدر علی نے رانگپور رائیڈرز کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلی۔

چٹاگرام کنگز کی ٹیم رانگ پور رارئیڈرز کی جانب سے دیے گئے 144 رنز ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار تھی اور 10 اوور میں 3 اہم کھلاڑیوں کی وکٹوں سے محروم بھی ہوچکی تھی۔

پھر حیدر علی اور ہمدرد عاکف نے ذمہ داری سنبھالی اور اپنی ٹیم کو فتح کے قریب لے جاتے رہے تاہم چٹاگانگ کنگز کی ٹیم کو 18 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے اور وہ پریشر میں بھی تھی۔

چٹاگانگ کنگز کی اننگز میں 18 واں اوور عاکف جاوید نے کروایا، حیدر علی نے مسلسل 4 گیندوں پر 4 چھکے مار کر اپنی ٹیم کی ناممکن فتح کو ممکن بنایا۔

حیدر علی نے پہلی گیند پر چھکا لگایا اور پھر اپنے اعصاب کو بحال کر کے دوسری، تیسری اور چوتھی بول کو بھی سیدھا باؤنڈری کے باہر پھینکا۔ جس کے بعد اُن کی ٹیم نے 14 گیندوں پہلے ہدف مکمل کرلیا۔

حیدر علی نے ہدف کے تعاقب میں 18 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور چوکا شامل تھا۔

چٹاگانگ کنگز نے رانگپور رائیڈرز کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دی، شاندار بیٹنگ کرنے پر حیدر علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔