کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف ائی اے) کے امیگریشن سرکل کے مطابق کراچی سے 4 خواتین کو مبینہ طور پر جبری مشقت کیلئے سعودی عرب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا کر چاروں خواتین کو حراست میں لے لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 4 خواتین کو کراچی ائیرپورٹ پر پروازوں سے آف لوڈ کر دیا گیا، ان خواتین میں شازیہ بانو، ظمیرا عظیم، لبنیٰ اور ثنا شہزادی عمرے کی مسافر تھیں، بظاہر متاثرہ خواتین عمرہ ویزوں پر سعودی عرب جا رہی تھیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق متاثرہ خواتین کو جبری مشقت کی غرض سے سعودی عرب بھجوایا جا رہا تھا، متاثرہ خواتین اس سے قبل بھی سعودی عرب جا چکی تھیں۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے خواتین کو سعودی عرب بھجوانے میں آسیہ نامی خاتون ملوث ہے جو پنجاپ پولیس کی سابقہ ملازم ہے۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق آسیہ نے ہی متاثرہ چاروں خواتین کے سفری اخراجات برداشت کیے جبکہ سعودی عرب میں قیام اور اخراجات کی سہولت کاری وسیم گجر نامی ایجنٹ کر رہا تھا۔ متاثرہ خواتین سے ایجنٹوں کے حوالے سے معلومات لی جا رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos