فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی ولی عہد کا پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سے متعلق بڑا فیصلہ

اسلام آباد: سعودی عرب نے مؤخر ادائیگی پر10 کروڑ ڈالرکی ماہانہ پیٹرولیم مصنوعات فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی کابینہ کو وزارتوں میں ای آفس کے نفاذ پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 39 ڈویژنز میں ای آفس کا نفاذ 100 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔وزیراعظم نے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹائزیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے اقوام متحدہ کے سمندری وسائل کے معاہدے پردستخط کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کی طرف سے انہیں بھیجے گئے خط کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کے لیے 100 ملین امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کے بارے میں بتایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کے تہہ دل سے مشکور ہیں، سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

وفاقی کابینہ کو وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں ای-آفس کے استعمال پر بریفنگ دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کی تمام ڈویژنز میں ای-آفس کا استعمال 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور 39 ڈویژنز میں ای- آفس کا نفاذ 100 فیصد ہے۔

وفاقی کابینہ نے وفاقی وزارت تعلیم کی سفارش پر کامران جہانگیر کی بطور مینجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن تعیناتی کی منظوری دے دی، وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر  نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق میں بطور رکن اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری تعیناتی کے لیے 6 ناموں کو وزیراعظم اور پارلیمنٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کو بھیجنے کی منظوری دے دی-

اجلاس میں وزارت داخلہ کی سفارش پر صومالیہ کے لیے نیشنل آئیڈینٹیی سسٹم کے حوالے سے اڈینڈم 2 پر دستخط کی منظوری دے دی گئی، یہ اڈینڈم ویری فکیشن سروسز، موبائل انرولمنٹ ایپلی کیشن اور آفیشل پیمنٹ گیٹ وے اور انفرا اسٹرکچر سے متعلق ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) صومالیہ کی نیشنل آئیڈینٹیفکشن کے حوالے سے صومالیہ کی مدد کر رہا ہے۔