گزشتہ ماہ بے دردی سے قتل کیے جانے والے مصطفیٰ عامر کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی۔
مصطفیٰ عامر کے اہل خانہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نمازِ جنازہ عصر کے بعد مسجدِ علی، خیابانِ محافظ، فیز 6، ڈی ایچ اے میں ادا کی جائے گی۔
خواتین کے لیے فاتحہ خوانی عصر اور مغرب کے درمیان مرحوم کی رہائش گاہ پر ہوگی۔
مرحوم کے گھر والوں کی جانب سے دعائے مغفرت درخواست کی گئی ہے، مرحوم کے لواحقین میں وجہیہ عامر اور مجتبیٰ عامر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اغوا کے بعد دوست کے ہاتھوں قتل کیے جانے والے نوجوان مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم ارمغان نے دوران تفتیش نوجوان کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ فولڈنگ راڈ سے پہلے مصطفیٰ کے ہاتھوں اور پیروں پر مار کر زخمی کیا، اس کے بعد اپنی رائفل اٹھا کر مصطفیٰ کی جانب تین فائر بھی کیے لیکن فائر مصطفیٰ کو نہیں لگے، فائر وارننگ دینے کے لیے کیے تھے۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ 8 فروری کو پولیس کے چھاپے کے دوران پولیس کو بنگلے میں داخل ہوتا دیر سے دیکھا، پولیس کو بروقت دیکھ لیتا تو پولیس سے فائرنگ کا تبادلہ اور طویل ہو سکتا تھا، خیابان محافظ سے دریجی تک میں مصطفیٰ کی گاڑی خود ڈرائیو کرکے پہنچا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos