فائل فوٹو
فائل فوٹو

مصطفی قتل کیس، مشہور اداکار کے گرفتار بیٹے کے اہم انکشافات

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں مشہور اداکار کے بیٹے کا نام بھی سامنے آگیا۔

پوش علاقے سے گرفتار مشہور ٹی وی اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کے خلاف اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس آئی یو پولیس کے مطابق اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن سے غیر ملکی برانڈ کی منشیات ملی ہے، ساحر حسن گزشتہ 2 سال سے منشیات فروخت کررہا تھا۔

ملزم ساحر حسن کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی منشیات ملی ہے اور وہ ارمغان کو بھی منشیات فروخت کرتا تھا۔ ملزم ساحر حسن نے تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں، ساحر حسن نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سال سے منشیات فروخت کررہا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ وہ بازل اور یحییٰ نامی منشیات فروشوں سے ڈرگز حاصل کرکے شہر کے پوش علاقوں میں فروخت کرتا ہے۔

ایس آئی یو پولیس کے مطابق ملزم ساحر حسن کو ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کے خلاف منشیات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ساحر حسن کیخلاف مقدمہ درج

اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے ملزم ساحر حسن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں لکھا گیا کہ ڈیفنس خیابان راحت فیز 6 کی گلی نمبر 6 میں منشیات فروشی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں ملزم کو ساڑھے 4 بجے پکڑا گیا جس نے اپنا نام ساحر حسن بتایا۔

ایف آئی آر کے مطابق گرفتاری کے وقت ملزم کے کندھے پر کالے رنگ کا بیگ تھا، جس میں سے 5 پیکٹ ویڈ کے برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق بیگ سے ڈیجیٹل ترازو اور دیگر سامان بھی ملا، جبکہ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔

مقدمے کے متن کے مطابق برآمد ہونے والی ویڈ کا وزن 557 گرام تھا۔

ایس آئی یو حکام کا کہنا ہے کہ ملزم یحییٰ اور بازل نامی منشیات فروشوں سے ویڈ حاصل کرکے کراچی کے پوش علاقوں میں فروخت کرتا تھا۔

ساحر ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مقدمہ درج کرنے کے بعد ساحر خان کو ایس آئی یو نے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 500گرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے۔

ملزم کے وکیل فراز فہیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ ساحر حسن کو مقدمے میں پھنسایا گیا ہے، ساحر کا درخشاں پولیس کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔

ساحر حسن کے وکیل نے کہا کہ میرے مؤکل نے درخشاں پولیس کے خلاف دھمکیاں دینے کا کیس دائر کیا تھا۔

تاہم، اسپیشل مجسٹریٹ نے ملزم ساحر کو ایک دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور ہدایت کی کہ ملزم کو کل متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔