پشاور: رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال پشاور میں جاری ہے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کا امکان کم ہے، اور پہلا روزہ اتوار کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب کی زونل کمیٹی کے مطابق لاہور میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔
اس کےعلاوہ زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا کہنا تھاکہ بلوچستان کے کسی شہر سے اب تک چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔کراچی میں بھی زونل کمیٹی کو چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جبکہ ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد کی زونل کمیٹی کو اب تک چاند کی رویت کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
سپارکو کی رمضان کے چاند سے متعلق پیش گوئی
دریں اثنا رمضان المبارک کے چاند سے متعلق سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ نیا چاند 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پانچ بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا اور 28 فروری کو غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔
سپارکو کے مطابق 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہوگی، فاصلے اور کم بلندی کی وجہ سے اس کا نظر آنا مشکل ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos