امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا کہ میکسیکو اور کینیڈا سے درآمد کی جانے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف منگل سے نافذ ہو جائے گا، جس سے شمالی امریکہ میں تجارتی جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور مالیاتی منڈیوں میں مندی دیکھی گئی۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی، جبکہ میکسیکن پیسو اور کینیڈین ڈالر کی قدر میں بھی کمی آئی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’انہیں ٹیرف دینا ہوگا، یا پھر امریکہ میں اپنے کارخانے اور دیگر صنعتیں لگانی ہوں گی تاکہ انہیں کوئی ٹیرف نہ دینا پڑے۔‘
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکہ منشیات خصوصاً فینٹینائل کی ترسیل کو روکنے کے لیے میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ کسی معاہدے کی گنجائش نہیں چھوڑ رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ان ممالک پر جوابی ٹیرف بھی عائد کرے گا جو امریکی مصنوعات پر ڈیوٹی لگاتے ہیں۔
ٹرمپ نے چین پر بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا اور کہا کہ چینی درآمدات پر ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کیا جائے گا تاکہ فینٹینائل کی مسلسل ترسیل پر بیجنگ کو سزا دی جا سکے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین نے غیر قانونی منشیات کے بحران کو کم کرنے کے لیے ”خاطر خواہ اقدامات“ نہیں کیے۔
ٹرمپ کے اعلان کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی:
ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 649.67 پوائنٹس (1.48 فیصد) گر گیا۔
ایس اینڈ پی 500 میں 104.78 پوائنٹس (1.76 فیصد) کمی آئی۔
نیسڈیک کمپوزٹ 497.09 پوائنٹس (2.64 فیصد) نیچے چلا گیا۔
گاڑیوں کی صنعت بھی شدید متاثر ہوئی، جنرل موٹرز کے شیئرز 4 فیصد جبکہ فورڈ کے 1.7 فیصد تک گر گئے۔