اسلام آباد (امت نیوز)پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اور انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی (IFZA) نے پاکستان میں فری زون اتھارٹی کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔دستخط کی تقریب پاکستان میں ہوئی جس میں حکومت پاکستان اور انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی۔مفاہمت کی یادداشت پر IFZA کے چیئرمین مارٹن پیڈرسن نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے علاوہ سینئر وزراء اور سرکاری حکام کی موجودگی میں دستخط کئے۔ وزیر اعظم نے اس پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق فری زون اتھارٹی کے لیے اگلے دو ہفتوں کے اندر معاہدوں کو حتمی شکل دیں. فری زون اتھارٹی کا قیام ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے تنوع پر مثبت اثر ڈالے گا اور حکومت کے ترقیاتی اہداف کے حصول کی جانب اہم قدم ثابت ہو گا۔ انٹرنیشنل فری زون اتھارٹی کا عالمگیر نیٹ ورک دنیا بھر سے سرمایہ کاروں،کاروباری اداروں اور عالمی معیار کے ٹیلنٹ کو ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر راغب کر سکتا ہے۔
فری زون اتھارٹی
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos