اسلام آباد: فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیخلاف کیس میں جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ تنازعہ یہ نہیں کہ فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کیا جائے یا نہیں،مسئلہ یہ ہے آرمی ایکٹ کے ماتحت جرائم اگر سویلینز کریں تو کیا ہوگا؟
سپریم کورٹ آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت جاری ہے، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں بنچ سماعت کر رہا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ ایف بی علی کیس میں طے ہوا آرمی ایکٹ فوجی ممبران کیلئے بنا، کیس میں کہا گیا آرمی ایکٹ کا سیکشن ڈی اس مقصد کیلئے نہیں بنا، عدالت نے کہا کہ تنازعہ یہ ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں ایف بی علی کیس میں سویلینز ٹرائل کی اجازت تھی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ آپ کہہ رہے ہیں کہ اجازت نہیں،حامد خان نے کہاکہ فوجی عدالتوں کے حق میں دلائل دینے والوں کا انحصار آرٹیکل 83پر ہے،عدالت نے کہاکہ ایف بی علی کیس میں کہا گیا پارلیمان 2سال میں نظرثانی کر سکتی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آج تک پارلیمان نے اس معاملے پر کچھ نہیں کیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ تنازعہ یہ نہیں کہ فوجی عدالتوں میں سویلین کا ٹرائل کیا جائے یا نہیں،مسئلہ یہ ہے آرمی ایکٹ کے ماتحت جرائم اگر سویلینز کریں تو کیا ہوگا؟عدالت نے کہاکہ آرمی ایکٹ کا دائرہ اختیار سویلینز تک بڑھایا جا سکتا ہے یا نہیں،وکیل حامد خان نے کہاکہ آرمی ایکٹ میں شامل وہ شقیں جن کے تحت سویلین کا ٹرائل کیا جاتا ہے غیرآئینی ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ ایگزیکٹو سے الگ ہونے کا اعلان عدلیہ کرے گی یا پارلیمان؟جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ فوجی عدالتیں آرٹیکل 175(3)کے زمرے میں نہیں آتیں، سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو تاریخی تناظر میں دیکھا، عدالت نے کہاکہ عدلیہ خود ایگزیکٹو سے الگ تصور ہوگی تو 14سال بعد فوجی عدالتیں قائم نہیں رہ سکتیں۔
حامد خان نے کہاکہ فوجی عدالتیں صرف فوج کے ممبران کیلئے قائم رہ سکتی ہیں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ فوجی عدالتیں متوازی عدالتی نظام کے زمرے میں آتی ہیں،آرٹیکل 175(3)کی وضاحت بہت ضروری ہے،لاہور بار ایسوسی ایشن کے وکیل حامد خان کے دلائل مکمل ہو گئے۔
فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت کل دوبارہ ہوگی،وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث کل جواب الجواب دلائل دیں گے،جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ آپ جواب الجواب کیلئے کتنا وقت لیں گے،خواجہ حارث نے کہاکہ بہت سے اہم نکات سامنے آئے ہیں، ایک ہفتہ تو لگ جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos