فائل فوٹو
فائل فوٹو

کوئٹہ سے پشاور جانے والی ٹرین پر فائرنگ، ڈرائیور شدید زخمی، مسافر یرغمال

کوئٹہ: کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث ڈرائیور زخمی ہوگیا، دہشت گردوں نے مچھ کی پہاڑیوں میں ٹرین روک دی جب کہ مسافروں کو یرغمال بنانے کی اطلاعات ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ بولان کے قریب  ٹریک  پر دھماکا ہوگیا جس کے بعد فائرنگ شروع ہو گئی،لیویز ذرائع کاکہنا ہے کہ  فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور زخمی  ہو گیا۔اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، نامعلوم افراد اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

عینی شاہدین اور لیویز ذرائع کے مطابق مچھ کی پہاڑیوں کے درمیان یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں جعفر ایکسپریس کو روک دیا گیا ہے اور مزید فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔

ریلوے پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریل وہیں روک دی گئی ہے، ٹرین میں کم از کم 400 مسافر سوار ہیں، کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم تصدیق کا عمل جاری ہے۔

کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کے واقعہ سے متعلق ترجمان بلوچستان حکومت کا بیان سامنے آگیا۔

ترجمان بلوچستان حکومت کاکہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانیوالی جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی ہے،فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور شدیدزخمی ہوا ہے، ٹرین میں 400کے قریب مسافر سوار ہیں۔

ترجمان کا مزید کہناتھا کہ ایمبولینسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں جبکہ سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی  ۔

ریلوے حکام کاکہنا ہے کہ ٹرین کو8 ٹنل میں مسلح افراد نے روک لیا،کنٹرولر ریلوے محمد کاشف کاکہنا ہے کہ مسافروں اور عملے سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ ٹرین جہاں پر موجود ہے وہاں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کرتا اس لیے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے، جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے جس میں 400 کے قریب مسافر سوار ہیں، مسافروں اور عملے سے رابطے کی کوشش کی جارہی ہے۔