ملزم ارمغان نے والد سے اعلان لاتعلقی کردیا ، فائل فوٹو
ملزم ارمغان نے والد سے اعلان لاتعلقی کردیا ، فائل فوٹو

مصطفیٰ قتل کیس، ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کردی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سینٹرل جیل کراچی میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مصطفیٰ عامر اغوا اور قتل کیس کی سماعت ہوئی ، تفتیشی افسر نے ملزم ارمغان قریشی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا۔

اس دوران عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ کیا رپورٹ لائے ہیں، تفتیشی افسر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے ڈی وی آر ، آلہ ضرب اور ایک آئی فون بھی برآمد کرلیا ہے، ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں 17 مارچ تک کی توسیع کی جائے۔

ملزم کے وکیل عابد زمان نے تفتیشی ٹیم کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے اب کوئی تفتیش نہیں کرنی، جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے، ملزم کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

وکیل نے دعویٰ کیا کہ پراسیکیوشن سٹیک کی برآمدگی سے متعلق جھوٹ بولا تھا، سٹیک اگلے دن برآمد کرلی تھی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں جسمانی ریمانڈ کتنے دن کا ہوتا ہے ؟ ملزم کے وکیل نے کہاکہ اے ٹی سی میں 30 دن کا ریمانڈ دیا جاسکتا ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ کیس کی ڈائری اور پیشرفت رپورٹ کہاں ہے؟ عدالت نے ملزم کے وکیل کی عبوری چالان جمع کرانے کی درخواست پر کیس کے تفتیشی افسر اور سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیا۔

بعدازاں عدالت نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 7 دن کی توسیع کے احکامات جاری کردیئے۔