فائل فوٹو
فائل فوٹو

حملہ آور بہت سارے مسافروں کو پہاڑی علاقے میں لے گئے ہیں، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد بہت سارے مسافروں کو ٹرین سے لے کر پہاڑی علاقے میں لے گئے ہیں اور خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

 انھوں نے تصدیق کی کہ ٹرین میں سرکاری اہلکار اور ان کے خاندان کے لوگ بھی ہیں اور اس میں عام شہری بھی ہیں۔

انھوں نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج دوپہر کے وقت یہ واقعہ پیش آیا جس میں ٹرین کو اغوا کیا گیا۔ یہ ایک دور دراز علاقہ ہے اور دو اسٹیشنز کے درمیان میں ایک سرنگ ہے جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ جب سیکیورٹی فورسز وہاں پہنچیں تو کچھ افراد جن کا نمبر فی الحال میں بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہوں، ان کو وہاں سے چھڑوا لیا گیا اور انھیں قریبی اسٹیشن اور پھر منزل مقصود کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ اس میں کوئی سچائی نہیں  کہ انھوں نے خواتین اور بچوں کو چھوڑ دیا ہے، بلکہ خواتین اور بچوں کی وجہ سے ہی سیکیورٹی فورسز انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں اور اس وقت بھی سیکیورٹی آپریشن جاری ہے۔