نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی شکست دیدی

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو باآسانی شکست دے کر 5 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے حق میں درست ثابت ہوا، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 92 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ اس نے 10.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان ٹیم اننگز کے پہلے ہی اوور سے مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں کھلاڑی پویلین روانہ ہوتے رہے۔

پاکستانی اوپنر محمد حارث اور حسن نواز صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ عرفان خان ایک رن بنا کر چل دیئے۔

کپتان سلمان آغا نے تھوڑی مزاحمت کی مگر وہ بھی 18 رنز بنا کر چل دیے، شاداب خان محض 3 رنز بنا سکے۔

مڈل آرڈر میں خوشدل شاہ کی مزاحمت بھی 32 رنز تک ہی محدود رہی، عبدالصمد نے 7، جہانداد خان نے 17، شاہین شاہ 1 اور ابرار احمد 2 رنز بنا سکے جبکہ محمد علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیکب ڈفی نے 4، جیمیسن 3، ایش سودھی 2 اور فولکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بعدازاں نیوزی لینڈ نے آسان ہدف کے تعاقب کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔

نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 5.5 اوورز میں 53 رنز پر گری جس کے بعد کوئی وکٹ نہ گری اور نیوزی لینڈ نے میچ 10.1 اوورز میں جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی جبکہ شاہین آفریدی نے 2 اوورز میں 17، محمد علی نے 3 اوورز میں 25 اور شاداب خان نے 2 اوورز میں 18 رنز دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔