کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع نوشکی میں قومی شاہراہ این 40 پر ایف سی کے قافلے پر کالعدم بی ایل اے کے خودکش اور بارودی دھماکے میں 3 اہلکار اور 2 شہری شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے صبح سویرے بلوچستان کے علاقے نوشکی میں دالبندین روڈ پر ایف سی کے قافلے پر بارودی مواد کا دھماکا اور خود کش حملہ کیا، بزدلانہ خود کش حملے میں ایف سی کے 3 جوان اور 2 شہری شہید ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف فوری موثر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں خود کش حملہ آور کے علاوہ مزید 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کا علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے بھاگنے والے تمام راستے بلاک کر دیئے ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔
وزیراعظم کا قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نےبلوچستان کے ضلع نوشکی میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےقیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
شہباز شریف نے جاں بحق افراد کی بلند درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔