فوٹو آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر

خیبر میں فورسز کی کارروائی کے دوران 3 خوارج ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں ایک کارروائی کے دوران تین خوارج کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 17 مارچ 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر ضلع کے جنرل ایریا ٹور درہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اپنی فورسز نے خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ مارے جانے والے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے خوارج کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شمالی وزیرستان،سی ٹی ڈی سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بقاخیل میں سی ٹی ڈی نے بنوں میں کانسٹیبل کو قتل کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق مطلوبہ دہشت گردوں نے پولیس کانسٹیبل ارمان کو بنوں میں قتل کیا تھا تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق اور ایک زخمی بھی ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔