اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے ثابت کردیا کہ ان کی پہلی اور آخری ترجیح بانی پی ٹی آئی ہے۔ ملکی سلامتی کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا نصب العین ہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں۔ وطن دہشتگردی کی آگ میں جل رہا ہے لیکن پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کررہی ہے۔ اس سے بڑھ کر وطن دشمنی اور کیا ہوسکتی ہے۔
اپوزیشن اتحاد نے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی اجلاس کی ان کیمرا بریفنگ کا بائیکاٹ کر دیا، محمود اچکزئی نے کہا پاکستان کے حالات تقاضا کرتے ہیں تمام ایم این ایزاورسینیٹرز کو بلایا جائے اور صورتحال پر بریفنگ دی جائے، 5 سے 10 ایم این ایزبلا کر بریفنگ کا کیا مطلب ہے؟ ہم نے اس لیے اِن کیمرہ بریفنگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہناہے کہ کوئی بھی بات چیت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر فضول ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہونے تک قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جائیں گے۔ تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا علی امین گنڈاپور موجود ہوں گے۔