مظفرآباد( پی آئی ڈی)
وزیراطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہرسعید شاہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ذمہ داری کے کلچر کو فروغ دے کرسوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹ اور انتشار پھیلانے والے کلچر کی حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔ مثبت چیز کو خبر بنائیں، سچ کو پروموٹ کریں اور معاشرے کا مثبت چہرہ لوگوں کو دکھایا جائے۔ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کیوجہ سے فیک نیوز اور سماجی پولرائزیشن جیسے مسائل نے جنم لیاہے ۔سوشل میڈیا کیوجہ سے لینڈ سکیپ تبدیل ہورہا ہے ۔ بدلتے ہوئے حالات میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوناوقت کی ضرورت ہے ۔ محکمہ اطلاعات کے آفیسران حکومت کی نیک نامی کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کریں ۔ سوشل میڈیا کے دور میں جدید ٹولز کو بروئے کار لایا جائے ، اپنی استعداد کو بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے آفیسران کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات سردارعدنان خورشید ، ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس ، ناظم اطلاعات محمد بشیر مرزا،محکمہ اطلاعات کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلعی افسران نے وزیراطلاعات کو اپنی کارکردگی بارے بریفنگ بھی دی ۔ وزیراطلاعات نے مجموعی طور پر محکمہ اطلاعات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتربنانے کی ہدایت کی ۔ وزیراطلاعات مولانا پیر محمد مظہرسعیدشاہ نے محکمانہ آفیسران کو ہدایت کی کہ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ریاست بھر میں لگائے گئے ترقیاتی کاموں کی بھرپور تشہیر کی جائے اور مستند معلومات عوام تک پہنچائی جائیں ۔
