وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی ہمراہ ہیں۔ ملاقات کے دوران ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پرزوردیا گیا اور پاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، پاک سعودی سرمایہ کاری، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاک سعودی عسکری تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اورمشترکہ وژن کو فروغ دینے کیلئے ہرسطح پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ولی عہد نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کیا۔ ثقافتی تبادلے اور تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پرزور اورپاک سعودی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز بھی شریک تھے۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے تو گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے استقبال کیا۔ بعد ازاں مکہ پہنچنے پر نائب گورنر سعود بن مشال نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔
بعد ازاں وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد سے آج ریاض میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی تعاون کے فروغ کے لئے تعمیری گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، یوکرین میں امن کے لئے سعودی عرب کا کردار قابل تعریف ہے، دو طرفہ تعلقات باہمی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی، سعودی عرب کے مسلسل تعاون پرسعودی ولی عہدکےمشکور ہیں۔