کراچی: ایم کیو ایم کی جانب سے اظہار ناراضی کے بعد وفاقی حکومت نے پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کرلیا، جس کے بعد آج اہم میٹنگ ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی حکومت سے نارضی کے معاملے پر وفاقی حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ سے رابطہ کیا ہے، جس کے بعد وفاقی وزیر احسن اقبال آج ایم کیو ایم کے وفد سے زوم کے ذریعے بات چیت کریں گے۔
ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، امین الحق اور جاوید حنیف شامل ہوں گے جب کہ اسلام آباد میں 2 سیکرٹریز بھی موجود ہوں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال وزیر اعظم کے ہمراہ سعودی عرب میں موجود ہیں جب کہ ایم کیو ایم رہنما اسلام آباد میں موجود ہیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی کا موں میں تاخیر پر ناراضی کا اظہارکیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ کراچی کے لیے 15 ارب اور حیدرآباد کے لیے 5 ارب روپے کے ترقیاتی کام ہونے ہیں۔
قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وفاقی حکومت سے الگ ہونے کی دھمکی دیتے ہوئے مشاورت کے لیے رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا تھا۔