پشاور : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سرکاری جامعات کے چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو خط لکھ کر آگاہ کردیا، مراسلہ میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے مربوط پالیسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اعلیٰ تعلیم کے 10 سالہ منصوبے کے لیے 21 دن میں ابتدائی مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراسلہ کے متن میں بتایا گیا ہے کہ مسودے میں جامعات میں خود کفالت، تحقیقی معیار اور طلبہ کے روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے، نئی پالیسی میں مالی استحکام، تحقیق، طلبہ کی مہارت اور گورننس کے فروغ پر زور دیا جائے گا۔
اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے، تمام متعلقہ کمیٹیوں کی رپورٹس کو یکجا کر کے ایک جامع پالیسی بنائی جائے گی۔